
کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاہے کہ ہمیں شمال اور جنوب میں تقسیم نہیں ہوناچاہےے ،بلوچستان کو یکساں ترقی دیںگے ،جنوب کی طرز پر شمالی علاقوں کیلئے بھی ترقیاتی پیکج دیکر بلوچ وپشتون علاقوں کا فرق ختم کیاجائے گا، پشتون بیلٹ نے بی اے پی کو جس طرح انتخابات میں ترجیح دی ہے جلد لورالائی ،ژوب یا ڈویژن ہیڈکوارٹر میں نارتھ پیکج کااعلان کرینگے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے سیکرٹری جنرل سینیٹرمنظوراحمدخان کاکڑ،صوبائی وزراءحاجی نورمحمددمڑ، میٹھا خان کاکڑ ،حاجی محمدخان طوراتمانخیل اور سردار مسعود لونی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے پشتون علاقوں کی ترقی کے لیئے نارتھ بلوچستان پیکج دینے کافیصلہ کرلیاگیاہے ۔جنوبی بلوچستان پیکج کی طرز پر شمالی بلوچستان پیکج دے کر بلوچ پشتون علاقوں کا فرق ختم کیا جائے گاجلد پشتون علاقوں کا دورہ کر کے پیکج کا اعلان کرینگے ہمارے لئے بلوچستان ایک صوبہ پشتون اور بلوچ علاقے ایک ہیں ہمیں تقسیم نہیں ہوناچاہےے ۔مطالبات جائز ہیں ہماری خواہش ہے کہ جس طرح پشتون بیلٹ نے بلوچستان عوامی پارٹی کو کامیاب کرایاہے اسی طرح ان علاقوں کو ترقیاتی پیکج دیںگے۔




