
گوادر : نیازی حکومت جھوٹ کی بیساکھیوں پر قائم ہے۔ 15 لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی کے ذریعہ معاش کو تباہ کر دیا گیا۔ گوادر سی پیک کے حوالے سے ترقی کا جو ڈھول پیٹا جا رہا ہے لیکن شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ پر یقین رکھتی ہے۔ اپنے قائد کے اصولوں پر کاربند ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی مکران ڈویژن کے جنرل سکریٹری علی داودی، ضلعی صدر افضل جان، مکران کے سیکریٹری اطلاعات یوسف فریادی، ضلعی جنرل سکریٹری عدنان رئیسی، ضلعی انفارمیشن سکریٹری امداد کھتری، محمد بزنجو و دیگر نے گوادر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی پاکستان کی حساس اور جمہوری پارٹی ہے۔ پیپلز پارٹی نے جب بھی عوامی مینڈیٹ پر سیاست کی بنیاد رکھی تو اسٹیبلشمنٹ میں کھلبلی مچ گئی اور قائد عوام شہید بھٹو کو نا کردہ گناہوں کی بنیاد پر تختہ دار پر چڑھا دیا گیا۔ انھوں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہم مکران ڈویژن کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت مکران کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے 15 لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی کے ذریعہ معاش کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ ایرانی سرحد سے ملحقہ تجارت کو سیل کر دیا گیا ہے۔ جس سے لوگ دو وقت کی روٹی کے لئے محتاج بن گئے ہیں۔ مکران کے لوگوں کا واحد ذریعہ سرحدی تجارت پر ہے لیکن مختلف سیکورٹی اداروں نے اسے بند کرکے اپنی کمائی کا ذریعہ بنا دیا ہے عام لوگوں کو روزگار کے لئے نہیں چھوڑا جا رہا۔ جبکہ دوسری طرف ساحلی علاقوں میں ملکی اور غیر ملکی غیرقانونی ٹرالرنگ سے ضلع گوادر کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد ماہی گیروں کی ذریعہ معاش کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ اس طرح کھلم کھلا مچھلیوں کے غیر قانونی شکار سے لوگوں کے چھولے بجھ رہے ہیں اور ماہی گیر فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اکیسویں صدی کے اس جدید دور میں بھی یہاں کے لوگ بجلی اور صاف پانی سے محروم ہیں۔ ایک طرف گوادر میں سی پیک کے حوالے سے ترقی کا ڈھول پیٹا جا رہا ہے تو دوسری طرف گوادر کے شہری پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں۔ کیا اسی کو ترقی کہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سیکورٹی اور ترقی پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود ہمیں اس کے آثار کہیں نظر نہیں آرہے۔ ملک میں مہنگائی، کرپشن اور لوٹ کھسوٹ نیازی حکومت کا نیا پاکستان ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام اور یہ جھوٹ کی بیساکھیوں پر قائم ہے۔ انھوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لئے فوری کردار ادا کریں ورنہ پیپلز پارٹی عوام کی طاقت سے اس نظام کے خاتمے کے لئے بھرپور کردار ادا کریگی۔




