استنبول ائیرپورٹ پرطیارہ رن وے سے پھسل کرٹوٹ گیا،120مسافر زخمی

استنبول(این این آئی)ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول کے صبیحہ گوکچین ہوائی اڈے پر ایک مسافر طیارہ رن وے سے پھسل کر ایک سڑک پر الٹ گیا ہے اور پھر تین حصوں میں بٹ گیا ہے۔ترک حکام نے کہاہے کہ اس حادثے میں ایک سو بیس مسافر زخمی ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ٹیلی ویڑن کی فوٹیج کے مطابق طیارے کو شدید نقصان پہنچا ۔اس کا پہلا ،درمیانی اور آخری حصہ الگ الگ بٹا ہوا نظر آرہا ۔ مسافروں کو طیارے میں پڑنے والے شگاف سے نکالا جارہا تھا۔ترک ٹی وی نے بتایاکہ طیارے کو رن وے پر پھسلنے کے بعد آگ لگ گئی تھی لیکن اس پر جلد قابو پا لیا گیا ہے۔یہ طیارہ پیگاجس ائیرلائنز کا ملکیتی ہے اور یہ ازمیر شہر سے استنبول آیا تھا۔ترکی کی ٹرانسپورٹ کی وزارت نے کہا کہ طیارے میں 177 مسافر سوار تھے اور ان سب کی جانیں محفوظ رہی ہیں۔ ٹیلی ویڑن نے ٹرانسپورٹ کے وزیر محمد جاہت طرحان کے حوالے سے اطلاع دی کہ اس حادثے میں بعض مسافر زخمی ہوئے ہیں۔انھوں نے مزید بتایا ہے کہ ہنگامی خدمات کے عملہ نے بعض مسافروں کو طیارے کیٹوٹے ہوئے درمیانی حصے سے نکالا ہے لیکن زیادہ تر مسافر خود ہی اس ٹوٹے طیارے سے نکل آئے تھے۔ترک وزیر کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد اس ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے اور پروازوں کا رْخ استنبول کے مرکزی ہوائی اڈے کی جانب پھیرا جارہا ہے۔ان کی وزارت کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ طیارے کی غلط انداز میں لینڈنگ کی وجہ سے پیش آیا ہے۔




