بابر اعظم بڑے کھلاڑی ہیں، بیٹنگ کوچ محمد یوسف

دبئی: قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ بابر اعظم بڑے کھلاڑی ہیں اور وہ کپتانی کے ساتھ تینوں فارمیٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
ای سی سی اکیڈمی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کا دبئی میں پہلا ٹریننگ سیشن بہت زبردست رہا، سخت گرمی کے باوجود لڑکوں نے آج جان لگا کر پریکٹس کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سارے کھلاڑی پرجوش ہیں اور ٹورنامنٹ کو سامنے رکھ کر پریکٹس سیشنز پلانز کررہے ہیں، ایشیا کپ میں ہماری کارکردگی اچھی رہے گی۔
محمد یوسف نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بابر اعظم بڑے کھلاڑی ہیں، گزشتہ تین سالوں سے ان کی کارکردگی میں بھی تسلسل واضح ہے، وہ کپتانی کے ساتھ ساتھ تینوں فارمیٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2022 کا آغاز 27 اگست کو ہوگا جبکہ روایتی حریت پاکستان اور بھارت کا پہلا میچ 28 اگست کو کھیلا جائے گا، ہر کسی کی نظریں اس بڑے ٹاکرے کی طرف ہیں۔




