
اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل خطے کے امن کےساتھ کھیل رہے ہیں۔ ملک کا امن برباد کرنے کے پیچھے ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے۔ داسو واقعہ کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں، جلد میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کو سمجھ نہیں آ رہی کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران خطے کے حالات کیا ہونے والے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فروری کو منسوخ ہو چکا ہے، ان کے پاس دو راستے ہیں، وہ اپیل کریں یا سیاسی پناہ لیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکلوانے کی درخواست نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے، قوم سی پیک کی تعمیر اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے متحد ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات پر عملدرآمد کیا جائے گا، کورونا صورتحال کے پیش نظر 14 اگست کو لال حویلی میں آتشبازی کا مظاہرہ نہیں ہوگا۔




