پرتھ ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنا لئے
آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنا لئے ، اوپنر ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے ساتھ ملکر پہلی وکٹ پر 126قیمتی رنز بناکر جاندار آغاز فراہم کیا، ڈیوڈ وارنر نے اپنے کیریئر کی 26 ویں سنچری سکور کی ، وہ 164 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
پاکستان کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے عامر جمال نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی،خرم شہزاد اور فہیم اشرف نے ایک ، ایک وکٹیں حاصل کی۔جمعرات کو پرتھ سٹیڈیم، پرتھ میں تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے بائولنگ آٹیک کیا۔
اوپنر ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے ساتھ ملکر پہلی وکٹ پر 126قیمتی رنز بناکر جاندار آغاز فراہم کیا، عثمان خواجہ آسٹریلیا کے پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جن کو شاہین شاہ آفریدی نے 41 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا ۔ مارنس لبوشین کو 16 کے انفرادی سکور پر فہیم اشرف نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا۔سٹیون سمتھ تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 31رنز بناکر خرم شہزاد کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ٹراوس ہیڈ 40 رنز بناکر عامر جمال کی گیند پر آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔
میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلوی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنالئے تھے ۔مچل مارش15 اور ایلکس کیری 14 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ پاکستان کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے عامر جمال نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی،خرم شہزاد اور فہیم اشرف نے ایک ، ایک وکٹیں حاصل کی ۔