موجودہ حکومت کی خصوصی کاوشوں کی بدولت ڈالر سستا ہوااور حج کے معاملات میں بہتری آئی ہے ،حافظ طاہر محمود اشرفی
وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی ،اسلامی ممالک ومشرق وسطی وچيئرمين پاكستان علماء كونسل حافظ محمد طاهر محمود اشرفى نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی خصوصی کاوشوں کی بدولت ملک میں ڈالر سستا ہوا ہے اور حج کے معاملات میں بہتری آئی ہے ،پرائیویٹ سکیم کے تحت حج کوٹہ کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا ۔
وہ منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر نےحج آپریٹو ایسوسی ایشن آف پاکستان (ہوپ) کے نمائندے حافظ محمد طارق، محمد امجد کیانی، اخلاق احمد خان، سردار ساجد ،حافظ جمال اور ثنا اللہ بھی ہمراہ تھے ۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اس سال حج کے لئے ایسے انتظامات کئے جارہے ہیں جس سے سرکاری و پرائیویٹ سکیم میں کوئی کرپشن نہیں ہوگی ۔سرکاری اور نجی سکیم کی مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت حج کرنے لئے جانے والوں کے لئے بھی وزارت کے اندر ایک شکایات سیل بنایا جائے گا اس میں ہوپ کی نمائندگی بھی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سو افراد پر مشتمل ایک کمپنی پرائیویٹ حج کرائے گی۔ اس کے لئے حج کوٹہ کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا ۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ڈالر کی قدر میں کمی پرپرائیویٹ سطح پر بھی حج پیکج میں کمی کی جاسکے۔پاکستان اور باقی دنیا میں حج کے انتظامات بہت بروقت شروع کردیئے گئے ہیں ۔ حج آپریٹو ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے حکومتی حج پیکیج اور حجاج کی سہولت کے لئے پالیسیوں کو سراہا اور اس سلسلے میں اپنا ہر ممکن تعاون اور آسانیاں فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ حافظ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ، وہ تنہا نہیں ہیں۔او آئی سی، اسلامی ممالک کشمیر اور فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جمعرات کو لاہور اور جمعہ کو اسلام آباد میں کشمیریوں، فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بارے میں بھارتی عدالت کا فیصلہ ظالمانہ ہے ۔بھارتی عدالت کے فیصلے سے کبھی کشمیری بھارت کا حصہ نہیں بن سکتے۔بھارت اپنے عدالتی فیصلے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل کی طرز پر قتل عام کا ارادہ رکھتا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں طاہر اشرفی نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بارے ہر عالمی فورم پر جائیں گے ۔دنیا بھارت کی سفاکیت کو اسرائیلی سفاکیت کے تناظر میں دیکھے ۔