ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 27 دہشت گرد مارے گئے،سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے،فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 25جوان شہید ہوئے،آئی ایس پی آر

0

ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 27 دہشت گرد مارے گئے جبکہ سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں پاک فوج کے 25 جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق11 اور 12 دسمبر 2023 کی درمیانی شب ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی موجود گی کی اطلاعات پرآپریشن کیا گیا جس کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا اور 17 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ کلاچی میں انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 4 دہشت گردوں کوجہنم واصل کر دیا گیا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے ۔مارے جانے والے دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے ۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔12 دسمبر 2023 کی علی الصبح چھ دہشت گردوں کے ایک گروہ نے درابن میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔

دہشت گردوں کوچوکی میں داخل ہونے اور بارود سے بھری گاڑی داخل کرنے سے روکا گیا تو انہوں نے خودکش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکوں سے عمارت گر گئی ۔اس واقعہ میں پاک فوج کے 23 جوان شہید ہوئے ۔دوسری جانب بر وقت جوابی کارروائی کی گئی جس 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ۔

علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشنز کئے جا رہے ہیں ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.