نیوزی لینڈ ویمنز نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان ویمنز کو 131 رنز سے ہرا دیا
سوزی بیٹس کی سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں بڑے مارجن 131 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ سوزی بیٹس نے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور اس عمدہ کارکردگی پر ان کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
گرین شرٹس کی اوپننگ بلے باز سدرہ امین کی سنچری رائیگاں گئی۔ پاکستان کی ویمنز ٹیم 366 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔جان ڈیوس اوول، کوئنز ٹاؤن میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 365 رنز بناکر پاکستان ویمنز ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 366 رنز کا ہدف دیا۔ سوزی بیٹس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انفرادی 108رنز کی اننگز کھیلی ،برناڈائن بیزوائیڈن ہاٹ 86 ، کپتان امیلیا کیر 83 اور سوفی ڈیوائن 70 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں۔
پاکستان کی طرف سے فاطمہ ثنا،ناشرہ سندھو اور ام ہانی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں پاکستان کی ویمنز ٹیم 366 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 234رنز بناسکی۔ پاکستان کی اوپننگ بلے باز سدرہ امین نے شاندار انفرادی 105 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔ منیبہ علی 44 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں۔
نیوزی لینڈ ویمنز کی طرف سے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے کپتان املیا کر نے 3، لیہ طہو نے 2 جبکہ جیس کر ،فران جونز،ہننا رو اور سوفی ڈیوائن نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔یوں نیوزی لینڈ ویمنز نے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان ویمنز کو 131 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ سوزی بیٹس کو شاندار بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔