رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جلسہ ہر صورت ہوگا: مریم اورنگزیب
لاہور: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لیگی رہنماؤں کے گھر وں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جتنے مرضی مقدمات درج کرلیں، لاہور جلسہ ہر صورت ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کے جلسے کے اثرات حکومتی حلقوں میں نظر آنا شروع ہوگئے، کارکن گھبرانے والے نہیں، عوام کی طاقت سے حکومت کو ووٹ کی عزت کا جواب دیں گے۔
ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ لاہور جلسہ ضرور ہوگا، پیپلزپارٹی ارکان استعفے جمع کرا رہے ہیں، ہمارا ہر عمل پی ڈی ایم اعلامیہ کے مطابق ہوگا، کٹھ پتلیوں کو خیرباد کہنے کا وقت آگیا، اپوزیشن اتحاد کی وجہ سے حکومت کے چہرے پر ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں، ہر جلسے سے پہلے تھریٹس الرٹ جاری کیے جاتے ہیں۔
نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ جو کہتے ہیں جمہوریت ہو وہ ڈی جے بٹ سے خوفزدہ ہیں، حکومت جلسے کے انتظامات کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن میں مصروف ہے، نیب فوٹو اسٹیٹ مشین رکھی ہے، ہر اجلاس کے بعد کال اپ نوٹس آ جاتا ہے، سندھ حکومت نے ارکان کو استعفے دینے کی ہدایت کر دی، اپوزیشن پی ڈی ایم کے 26 نکات پر مکمل عملدرآمد کر رہی ہے، حکومت اپوزیشن قائدین کیخلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، حکومتی ہتھکنڈوں سے اب کوئی فرق نہیں پڑے گا، حکومت کو کورونا نہیں پی ڈی ایم کا خوف ہے۔