کیویزمشکل حریف لیکن بہترپرفارمنس دینگے،مصباح پرعزم
لاہور: ہیڈکوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آئسولیشن کے دوران پریکٹس نہ کرنے سے سیریز کی تیاری کرنے میں خلل آیا، کھلاڑی ذہنی دباؤ کا شکار رہے مگر اب سب کچھ بھول کر کرکٹ پر فوکس ہے ، نیوزی لینڈ مشکل حریف ہے لیکن قومی ٹیم کیویز کو ٹف ٹائم دینے کیلئے تیار ہے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق نے کوئنز ٹاؤن میں ویڈیو لنک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئسولیشن کا مشکل وقت پیچھے رکھ کہ اب کرکٹ پر فوکس کررہے ہیں،انٹرنیشنل کرکٹ کو آگے لیکر جانے کیلئے ہر ٹیم اور کھلاڑی کو اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ پاکستان کی باؤلنگ لائن بہت اچھی ہے ، ہمارے پاس وہاب اور شاہین جیسے سٹرائیک باؤلر موجود ہیں۔ ہیڈکوچ مصباح الحق نے کہا کہ بابر اعظم اچھا پرفارم کررہا ہے ،وقت کے ساتھ کھلاڑی بہتر ہوتا ہے ، مثبت سوچتا ہوں، کوشش یہی ہے کہ پاکستان ٹیم کی پرفارمنس بہتر رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہوم ٹیم کو ہمیشہ کنڈیشن کا فائدہ ہوتا ہے ، سیمنگ کنڈیشن ہوتی ہے نیوزی لینڈ میں جب غیرملکی ٹیمیں ایشیا میں آکر کھیلتی ہیں تو انہیں بھی سپن سے مشکل ہوتی ہے ، نیوزی لینڈ کے پاس ایک فاسٹ باؤلر ہے جو 150کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے گیند کرتا ہے ، قومی ٹیم میں تین سے چار باؤلر 150 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے گیند کرتے ہیں، پاکستانی باؤلنگ لائن اپ نیوزی لینڈ کو ٹف ٹائم دے سکتی ہے ۔ مصباح الحق نے کہا کہ کوشش ہے کہ پہلے چھ اوورز میں بڑا سکور کریں اور آخری دس اوورز کی بھی حکمت عملی بنارہے ہیں۔