
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
لاڑکانہ/سکھر، یکم مارچ 2026
سندھ حکومت کے احکامات پر جاری نجات مہران آپریشن کے بڑھتے دباؤ کے نتیجے میں 40 سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب بدنام زمانہ ڈاکو فرحان شاہ راشدی نے پولیس کے سامنے سرینڈر کر دیا۔
ناصر آفتاب، ڈی آئی جی لاڑکانہ/سکھر کی قیادت میں مؤثر حکمت عملی کے تحت جاری کارروائیوں کے باعث کچے کے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا گیا۔ ایس ایس پی خیرپور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی سربراہی میں پولیس نے واضح پیغام دیا تھا کہ ڈاکو یا تو سرینڈر کریں یا قانون کے مطابق اپنے انجام کے لیے تیار رہیں۔
پولیس کے مطابق فرحان شاہ ولد ریاض حسین شاہ راشدی، جو سب ڈویژن پیر گوٹھ اور کچے کے علاقے میں دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا، قتل، ڈکیتی، لوٹ مار، بھتہ خوری، پولیس مقابلوں اور دہشت گردی سمیت دیگر سنگین جرائم کے 40 سے زائد مقدمات میں انتہائی مطلوب تھا۔
ترجمان پولیس نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں جاری نجات مہران آپریشن ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے اور امن و امان کی بحالی تک جاری رہے گا۔ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے سدباب کے لیے پُرعزم ہے۔



