ڈومیسٹک کرکٹ؛ آئندہ 12ماہ کے اہداف ہفتے کو تیار ہونگے

0

 لاہور:   کرکٹ ایسوسی ایشنز فرسٹ بورڈز کے سربراہوں کی ہفتے کو پی سی بی عہدیداروں سے ملاقات ہوگی جب کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہونے والی میٹنگ میں آئندہ 12 ماہ کے اہداف تیار کیے جائیں گے۔

نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کے تحت قائم ہونے والی 6 ایسوسی ایشنز کے فرسٹ بورڈز سربراہ ہفتے کو پی سی بی عہدیداروں سے ملاقات کررہے ہیں،نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہورمیں ہونے والی اس میٹنگ میں آئندہ 12 ماہ کے اہداف تیار کیے جائیں گے۔

بورڈ کا شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ فرسٹ بورڈز کے سربراہوں کو ڈومیسٹک اسٹرکچر اور آئندہ سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دے گا،انتظامی امور میں مختلف تقرریوں پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ پی سی بی آئین 2019، کلب رجسٹریشن کے عمل اور ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ایک سالہ مدت کیلیے فرسٹ بورڈز کی تقرری 5 مارچ کوہوئی تھی، تقرر پانے والے عہدیدار سٹی کرکٹ اور ایسوسی ایشن کے ماڈل آئین میں مینجمنٹ کمیٹیز سے متعلقہ معاملات سنبھالیں گے، روزمرہ امور چلانے کے ساتھ ساتھ کلبز رجسٹریشن کے عمل کی نگرانی اورکرکٹ ایونٹس کا انعقاد اورنگرانی بھی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

قبل ازیں پی سی بی نے فرسٹ بورڈز کے نمائندوں کیلیے ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے بیان حلفی بھی طلب کیے تھے جو جمعے تک جمع کروائے جانے ہیں، فرسٹ بورڈ اراکین بورڈکی اجازت کے بغیر انٹرویوزنہیں دے سکیں گے۔

پالیسیزکے حوالے سے بیان جاری کرنے پر بھی پابندی ہوگی، پی سی بی کے نامزد کوچز اور سپورٹ اسٹاف کو عہدوں سے نہیں ہٹایا جا سکے گا،وہ اجازت کے بغیر ایسوسی ایشن کا بینک اکاؤنٹ نہیں کھول سکیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.