ممنوعہ فنڈنگ کیس: عدالت نے پی ٹی آئی رہنما حامد زمان کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
لاہور کی مقامی عدالت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حامد زمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی وفاقی تحققیاتی ادارہ (ایف آئی اے) کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔
پی ٹی آئی رہنما حامد زمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت میں سماعت کے دوران ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما حامد زمان کا مزید جسمانی ریمانڈ مانگ لیا۔
ایف آئی اے کے وکیل منعم بشیر چوہدری نے کہا کہ ملزم سے تفتیش ابھی جاری ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ ملزم تو مان رہا ہے کہ پیسے آئے ہیں اور انصاف ٹرسٹ کو دیے گئے ہیں تو ایف آئی اے نے اب تک کیا تفتیش کی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما حامد زمان کے وکیل نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور کہا کہ ملزم نے ایف آئی اے سے تفتیش میں مکمل تعاون کیا ہے اور ان سے کچھ برآمد ہونا باقی نہیں ہے۔
انہوں نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرے۔
عدالت نے دونوں طرف سے دلائل سننے کے بعد ایف آئی اے کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حامد زمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
واضح رہے کہ 8 اکتوبر کو لاہور کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما حامد زمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے حامد زمان کے وکیل خواجہ حارث اور ایف آئی اے کے وکیل منعم بشیر چوہدری کا مؤقف سننے کے بعد حامد زمان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا تھا۔
عدالت نے ایف آئی اے کو حکم دیا تھا کہ حامد زمان کو پیر کو دوبارہ پیش کیا جائے۔