وارم اپ میچ ، پشاورزلمی نے ملتان سلطانز کو ڈھیر کرلیا
لاہور( سپورٹس رپورٹر) پی ایس ایل سیزن سکس کے وارم اپ میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو7 وکٹوں سے شکست دے دی جس کی جانب سے صہیب مقصود کی ٹاپ اننگز رائیگاں چلی گئی جبکہ دیگر فرنچائز کے کھلاڑی بھی مشقوں میں مصروف ہیں۔پاکستان سپر لیگ سیزن سکس کے باقی 20 میچوں کیلئے ابوظہبی میں یکجا ہونیوالی تمام فرنچائز نے 9 جون سے شروع ہونیوالے ایکشن کیلئے تیاریوں میں تیزی پیدا کردی ہے اور کھلاڑی آؤٹ ڈور کے ساتھ انڈور میں بھی ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔گزشتہ روز چھٹے ایڈیشن کی تیاری کرتے ہوئے ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان وارم اپ میچ کھیلا گیا جس میں پشاور زلمی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر ملتان سلطانز نے صہیب مقصود کے 88 رنز کی بدولت پانچ وکٹوں پر 198 رنز بنائے جبکہ شان مسعود نے بھی 37 رنز کا اضافہ کیا۔پشاور زلمی کے پیسر عمید آصف نے تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔جواب میں پشاور زلمی نے مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک 59 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حیدرعلی نے 46 اور ڈیوڈ ملر نے 45 رنز کی فتح گر اننگز تراشی۔