دورہ انگلینڈاورویسٹ انڈیز:تینوں فارمیٹس کی قومی کرکٹ ٹیموں کی نقاب کشائی

0

کراچی ( اسپورٹس رپورٹر ) قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کیلئے پاکستان کے ون ڈے ،ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ اسکواڈز کی نقاب کشائی کردی جسے جولائی سے اگست کے درمیان تین ون ڈے ،آٹھ ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچوں کا کڑا چیلنج درپیش ہے ۔تفصیلات کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی نے کسی خاص تبدیلی کے بغیر بابر اعظم کی زیر قیادت اعلان کردہ اسکواڈز میں چار کھلاڑیوں حارث سہیل اور عماد وسیم کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی جبکہ محمد عباس اور نسیم شاہ کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ممکن بنائی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 22 سالہ جارحانہ بیٹسمین اعظم خان پہلی مرتبہ مختصر فارمیٹ اور آغا سلمان ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ کھونے کے بعد ون ڈے اسکواڈ میں شامل کئے گئے ۔لیگ اسپنر یاسر شاہ تاحال گھٹنے کی انجری سے صحتیاب نہیں ہوسکے لہٰذا ان کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت فٹنس سے مشروط رکھی گئی ہے کیونکہ وہ اسی انجری کی وجہ سے زمبابوے کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے تھے تاہم ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے اسپنرز نعمان علی،ساجد خان اور زاہد محمود کو شامل کیا گیا ہے ۔بائیں ہاتھ کے بیٹسمین فخر زمان جن کو جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بطور اضافی کھلاڑی شامل کیا گیا تھا ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کیلئے قابل غور سمجھے گئے ہیں جبکہ انجری کے سبب جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز سے محروم سندھ کے بیٹسمین سعود شکیل نے اپنی نشست دوبارہ حاصل کرلی۔دورے کیلئے اعلان کردہ ون ڈے اسکواڈ میں 18اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں 19 کھلاڑی شامل ہیں جن میں 13 پلیئرز کو دونوں طرز کی کرکٹ میں نمائندگی کا موقع مل سکتا ہے جبکہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل 21 کھلاڑیوں میں آٹھ کو تین فارمیٹس میں موقع مل سکتا ہے ۔دلچسپ ترین بات یہ ہے کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے عبداللہ شفیق کو محدود فرسٹ کلاس کیریئر اور انٹرنیشنل کرکٹ میں بدترین آغاز کے باوجود ون ڈے اور ٹیسٹ اسکواڈ میں ایک مرتبہ پھر شامل کرلیا مگر گزشتہ سیزن کے بہترین بیٹسمین کامران غلام یکسر نظر انداز کر دیئے گئے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.