سیاسی رہنماؤں کی عمران خان پر حملے کی مذمت، جلد صحتیابی کی دعا
سیاسی رہنماؤں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ افسوسناک، تشویشناک، مکر و فریب سے پُر اور بزدلانہ ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے قاتلانہ حملہ میں بچ جانے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں، ان کی ٹانگ میں چند گولیاں لگنے سے وہ زخمی ہیں۔
قائد ن لیگ نوازشریف کا کہنا ہے کہ عمران خان اور ساتھیوں پر فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں اور ان کے جلد صحت کے لیے دعاگو ہوں۔
دوسری جانب لیگی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ تمام زخمیوں کی صحت کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں، عمران خان پر فائرنگ کی مذمت کرتی ہوں۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی واقعہ کے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔
وزاعظم نے وزیر داخلہ کو آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
سربراہ عوامی نیشنل پارٹی اسفندیارولی خان نے بھی عمران خان کے قافلے پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہ ہم سیاست میں تشدد کے مخالف تھے، ہیں اور رہیں گے۔
اسفندیارولی خان کا کہنا تھا کہ ایک سابق وزیراعظم کے احتجاج میں سیکیورٹی کی ناقص صورتحال کی تحقیقات کرائی جائیں، مرکزی و صوبائی حکومت ملزمان اور غفلت برتنے والوں کو سامنے لائیں اور قرار واقعی سزا دی جائے۔
سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی، سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال اور جہانگیر ترین نے بھی عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ہمدردیاں اور دعائیں عمران خان کے ساتھ ہیں۔
خیال رہے کہ آج شام کو اللہ والا چوک پر پی ٹی آئی کے کینٹینر پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سینیٹر فیصل جاوید سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔