پاک بحریہ کے نئے جنگی بحری جہاز پی این ایس یمامہ کی کراچی آمد،کمانڈر پاکستان فلِیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے استقبال کیا
:پاک بحریہ کا نیا جنگی بحری جہاز پی این ایس یمامہ کراچی پہنچ گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق جہاز کی کراچی بندرگاہ آمد پر پروقار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا،کمانڈر پاکستان فلِیٹ ریئر ایڈمرل عبد المنیب تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
کمانڈر پاکستان فلِیٹ نے پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے پر پی این ایس یمامہ کا استقبال کیا ۔آف شور پٹرول ویسل پی این ایس یمامہ کو ڈیمن شپ یارڈ رومانیہ میں تیار اور دسمبر 2024 میں کمیشن کیا گیا۔پی این ایس یمامہ کثیرالمقاصد، سبک رفتار، ٹرمینل ڈیفنس سسٹم، الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر کی خصوصیات سے لیس ہے۔
جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ طویل عرصے تک سمندر میں آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس یمامہ کی شمولیت سے ملک کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا
، ان جدید ترین کثیر جہتی جہازوں کی پاک بحریہ میں شمولیت سے بحر ہند میں جاری پاک بحریہ کے میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے اقدام کو تقویت ملے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ ملکی بحری حدود اور وسائل کے تحفظ کی ضامن ہے۔