آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا بلوچستان کا دورہ ،امن، استحکام اور ترقی کیلئے صوبائی حکومتوں کی کوششوں میں تعاون کے عزم کا اعادہ
:چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) نے ہفتہ کو بلوچستان کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی جس میں سینئر سیکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام نے بھی شرکت کی۔ آرمی چیف، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ)کوئٹہ میں زخمی جوانوں کی عیادت کی اور ہر قیمت پر ملک کے دفاع کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ وہ لوگ جو اپنے غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہیں ،ان عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو اپنی قابل فخر قوم اور مسلح افواج کی قوت سے شکست ضرور ملے گی۔ انہوں نے اپنے مادر وطن اور اس کے عوام کے دفاع کے لیے عزم کا اعادہ کیا ۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، فرنٹیئر کور اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر افسروں اور جوانوں کے کردار اورکاوشوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے بلوچستان کے عوام کی سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے فوج کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں میں صوبائی حکومتوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔