تارکین وطن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے،چیئرمین اوورسیز پاکستانی گلوبل فائونڈیشن
:اوورسیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن کے چیئرمین ظہیر اخترمہر نے مطالبہ کیا ہے کہ تارکین وطن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، گرین چینل کو بحال کیاجائے،اوورسیز پاکستانیوں کو فارن انویسٹر کا درجہ دیا جائے اور انکے لئے سرمایہ کاری کے حوالے سے سازگار ماحول پیدا کیا جائے، انکی پراپرٹیز پر ہونے والے قبضوں کو ختم کروایا جائے، سیکنڈ ہینڈ موبائل کو فری کیا جائے، تین سے پانچ فروری تک تین روزہ کنونشن کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار تنظیم کے چیف آرگنائزر سلمان ملک،کوآرڈینیٹرفرحان اختر مہر،وائس چیئرمین شہیر شکیل،صدر امریکہ چیپٹر طاہرہ شریف، سینئر ایڈوائزر نگہت خان اورسہیل وڑائچ کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے پروگرام ” میٹ دی پریس” سے خطاب کرتے ہوئے کیا
صدر این پی سی اظہر جتوئی نے معززمہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کاملکی معیشت میں اہم کردار ہے جو رہتے تو باہرہیں مگر انکے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، یہ پاکستان کا اثاثہ ہیں۔ نیشنل پریس کلب انکی آواز بنتا رہے گا،سیکرٹری این پی سی نیئر علی نے نظامت کے فرائض دیتے ہوئے مہمانوں کا تعارف کروایا اور انہیں پریس کلب آمد پر خوش آمدید کہا اورملک کیلئے نکی خدمات کو سراہا، ظہیر اخترمہر کااوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کے تین فروری سے شروع ہونے والےتین روزہ کنونشن کے حوالے سے مزیدکہنا تھا کہ کنونشن کے پہلے دن اس سے متعلق بریفنگ دی جائے گی اور مختلف ادروں اور وزارتوں کیساتھ سیشن کا اہتمام کیا جائیگا،دوسرے دن ملاقاتیں اور ظہرانہ ہوگا
جبکہ کنونشن کے تیسرے اور آخری دن شرکاء شہداء کے قبرستان جا کر اپنے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرینگے۔انکا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نےسب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں،ہماری تنظیم مکمل طور پر غیر سیاسی ہے،ہماری اولین ترجیح پہلے ریاست ہے،پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے آئے ہیں۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر سلمان ملک کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے بہت سے مسائل ہیں ، انکے لئے ون ونڈو کے علاوہ انکے تمام کیسز کی سنوائی ترجیحی بنیادوں پر ہونی چاہیئے ۔