بلوچستان ڈیجیٹل انقلاب کی راہ پر: میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے میں جدید گورننس اور شفاف عوامی خدمات کا نیا دور
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 11 نومبر 2025:
بلوچستان کے وزیرِ اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبہ حقیقی معنوں میں ڈیجیٹل ترقی اور جدید گورننس کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ انتظامی شفافیت اور عوامی خدمات کی فراہمی کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جا رہی ہے، تاکہ شہریوں کو تیز، آسان اور شفاف سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کے بیورو آف اسٹیٹسٹکس نے اس سلسلے میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے بلوچستان اسٹیٹسٹکس ڈیش بورڈ متعارف کرایا، جو تمام اضلاع کا ڈیٹا، ترقیاتی منصوبے اور پالیسی فیصلوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے۔ مصنوعی ذہانت سے لیس یہ نظام ترقی کے ہر مرحلے کو قابلِ پیمائش، شفاف اور نتیجہ خیز بناتا ہے۔
گورننس میں جدت کے دیگر اقدامات میں PSDP آٹومیشن سسٹم اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کی ڈیجیٹل اصلاحات شامل ہیں، جن میں آن لائن فائلنگ، بلنگ، بجٹ مینجمنٹ اور جدید Finance GPT چیٹ بوٹ شامل ہے، جس سے حکومتی امور کی رفتار اور شفافیت میں اضافہ اور کرپشن کی روک تھام ممکن ہوئی ہے۔
نوجوانوں کی اقتصادی بااختیاری کے لیے DigiBiz Balochistan نے ہزاروں نوجوانوں کو فری لانسنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس میں تربیت دے کر عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ تک رسائی فراہم کی ہے۔
تعلیم کے شعبے میں ریئل ٹائم اسکول مانیٹرنگ اور GPS حاضری سسٹم نے اسکولوں کی بحالی، اساتذہ کی حاضری اور تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔
عوامی خدمات میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے سمارٹ کارڈ، آن لائن ٹیکس ادائیگی اور بایومیٹرک نظام کے ذریعے شہریوں کو تیز، شفاف اور سہل خدمات فراہم کی ہیں۔ پانی کے وسائل کے مؤثر انتظام کے لیے واٹر ریسورسز انفارمیشن سسٹم نے ریئل ٹائم ڈیٹا، GIS میپنگ اور جدید مانیٹرنگ سے منصوبہ بندی کو سائنسی بنیادوں پر استوار کیا ہے۔
شہری زندگی میں کوئٹہ سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ سینٹر ٹریفک نگرانی، حادثات کی روک تھام، نقل و حرکت اور شہری سکیورٹی میں بہتری لا رہا ہے۔
یہ تمام اقدامات محض منصوبے نہیں بلکہ بلوچستان کو ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی، جدید گورننس اور اقتصادی خودمختاری کی جانب لے جانے والا ایک وسیع وژن ہیں۔



